The known big stars of the universe
عجائباتِ_کائنات34
۔ کائنات کے معلوم بڑے ستارے
(The known big stars of the universe)
ایک سو نو 109 زمینوں کو ایک لائن میں جوڑ دیجیے۔ ایک سو نو زمینوں کے ملنے سے بننے والی لائن سورج کے برابر ہو جائے گی۔ یعنی سورج کا قُطر (diameter) زمین کے قُطر سے ایک سو نو گُنا بڑا ہے۔ سورج تیرہ لاکھ اکیانوے ہزار 1391000 کلومیٹر کا قُطر رکھتا ہے۔ سورج جسامت کے لحاظ سے زمین کے مقابلے بہت بڑا ہے مگر اپنے کُنبے قبیلے (ستاروں) میں سورج ایک عام فرد کی ہی حیثیت رکھتا ہے۔• اب سترہ سو آٹھ سورجوں کو ایک سیدھ میں رکھ دیجیے۔ سترہ سو آٹھ سورجوں کی یہ لائن دو ارب سینتیس کروڑ کلومیٹر سے بھی زیادہ لمبی ہو گی۔ یو وائے سکَٹی UY Scuti ستارے کا قُطر دو ارب سینتیس کروڑ کلومیٹر سے بھی زیادہ وسیع ہے۔ یہ قُطر سورج کے قُطر سے تقریبًا 1708 گنا زیادہ بڑا ہے۔ یہ ستارہ ہم سے 9500 نوری سال دور ہے۔ یہ ستارہ بڑا ہے مگر اتنا بھی نہیں۔۔۔!• اس ستارے سے ملیے۔ یہ Stephenson 2-18 نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ ستارہ UY Scuti سے بھی بڑا ہے۔ اس کا قُطر سورج کے قُطر سے 2150 گنا بڑا ہے۔ یہ ہم سے 18900 نوری سال کی مسافت پر واقع ہے۔ ہمیں معلوم کائنات میں اس سے بڑا ستارہ ابھی تک نہیں ملا۔ معلوم کائنات میں اس سے بڑا ستارہ ہے ہی نہیں، ایسا نہیں ہے۔ لیکن ہم ابھی تک سب سے بڑے جس ستارے کے متعلق جانتے ہیں، وہ یہی Stephenson 2-18 ستارہ ہے۔• موسم سرما کی راتوں میں مشرق کے جنوبی کونے سے ستارہ Sirius نمودار ہوتا ہے۔ سفید اور تیز روشنی کا حامل یہ ستارہ ہمارے سورج سے تئیس گنا زیادہ روشن ہے۔ یعنی اگر Sirius ستارے کو اسی چمک کے ساتھ سورج جتنا کر دیا جائے اور آپ Sirius ستارے سے اتنے فاصلے پر موجود ہوں جتنا فاصلہ زمین اور سورج کے درمیان میں ہے تو آپ کے پاس اس ستارے کی روشنی سورج کی روشنی سے تئیس گنا زیادہ پہنچ رہی ہو گی۔ یہ کچھ خاص نہیں ہے۔ آئیں ذرا خاص کی طرف چلتے ہیں۔• ادھر یہ بھی ایک بہت بڑا ستارہ ہے اور اسے VY Canis Majoris کہتے ہیں۔ یہ صرف حجم میں ہی بڑا نہیں ہے بلکہ بہت زیادہ روشن بھی ہے۔ اس کی روشنی سورج کی روشنی سے ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ گُنا زیادہ ہے۔ زمین سے اس کا فاصلہ 4892 نوری سال ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔قابلِ مشاہدہ کائنات میں کم و بیش دو ہزار ارب (two trillion) سے بھی زیادہ کہکشائیں موجود ہیں۔ محتاط اندازے کے مطابق اگر قابلِ مشاہدہ کائنات میں موجود تمام ستاروں کو تمام کہکشاؤں میں تقسیم کیا جائے تو ہر ایک کہکشاں کے حصے میں دس کروڑ ستارے آئیں گے (بڑی کہکشاؤں میں اربوں جبکہ چھوٹی کہکشاؤں میں کروڑوں کی تعداد میں ستارے موجود ہیں) کائنات میں یقینًا Stephenson 2-18 سے بھی بڑے ستارے موجود ہوں گے لیکن ہم فی الحال ان کے متعلق معلومات نہیں رکھتے۔کائنات کے جَگمگاتے یہ فانُوس حرارت، کمیت، جسامت اور روشنی میں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ہم سے مختلف فاصلوں پر موجود ہونے کی وجہ سے بعض چھوٹے ستارے ہمیں بڑے اور بعض بڑے ستارے ہمیں چھوٹے نظر آتے ہیں۔ کچھ ایسے ستارے (جو کہ ہمارے سورج سے لاکھوں گُنا زیادہ روشن ہیں مگر بہت لمبی مسافتوں کی وجہ سے ہمیں یہ ستارے فقط ایک روشن نُکتے کی مانند ہی نظر آتے ہیں۔ “ہمارے لیے” کائنات خوبصورت اور روشن انہی ستاروں کے سبب ہے۔ یہ ستارے کائنات میں کیا کیا کردار ادا کرتے ہیں؟ یہ الگ موضوع ہے مگر ہماری زمین کی سیاہی میں ڈوبی راتوں کی سجاوٹ اِن ستاروں کے بغیر اُدھوری ہے۔(جاری ہے)تحریر : محمد یاسر لاہوری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مضمون کے ساتھ دی گئی سیجٹیریئس بُرج constellation of Sagittarius کی یہ تصویر اصل ہے۔ اس تصویر کو خلائی دوربین ہبل Hubble سے لیا گیا ہے۔ اس تصویر میں آپ مختلف رنگوں کے خوبصورت چھوٹے بڑے اور دور نزدیک کے ستارے دیکھ سکتے ہیں۔